اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 26 جنوری 2025 کوصوبہ بلوچستان میں منعقد ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں عوام الناس کی سہولت کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق سینٹر میں عوام الناس کو ان انتخابات کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی۔ شکایات کے بروقت اَزالہ کے لیے فوری طور پر کاروائی کی جائے گی اور اِس مقصد کے لیے سنٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کردیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کے حوالے سے عوام کی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کے لیے 4 سطحوں پر کنٹرول سنٹرز قائم کئے ہیں جس میں الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژن اور ضلعی سطح پر بھی کنٹرول رومز قائم کیےگیےہیں۔
عوام مذکورہ ضمنی بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں شکایات کے اندراج کے لیے ای ایم سی سی سنٹر کے عملہ سے ای میل[email protected] پربھی رابطہ کر سکتے ہیں۔کمیشن نے عوام کی سہولت کے لیے (ای ایم سی سی )میں ایک مخصوص ہیلپ لائن کی سہولت بھی دی ہے جس کا رابطہ نمبر 051111327000 ہے۔
کنٹرول سنٹر میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا مانیٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔فیکس نمبر 0519204404 کے ذریعے بھی شکایات بھیجی جا سکتی ہیں۔ 25 جنوری تک EMCC میں صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک شکایات جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ جبکہ پولنگ کے دن 26 جنوری کو ای ایم سی سی نتائج کے موصول ہونے تک مسلسل کام کرے گا۔