الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے اور اپناکام آئین ، قانون اور اپنے مینڈیٹ کے مطابق خوش اسلوبی سے انجام دے رہا ہے اور اس کے علاوہ کوئی اور کام نہ کررہا ہے اور نہ ہی کسی سے ہدایات لے رہا ہے، ترجمان الیکشن کمیشن

123
Election Commission

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):الیکشن کمیشن پاکستان کے ترجمان نے کہا ہےکہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے اور اپناکام آئین ، قانون اور اپنے مینڈیٹ کے مطابق خوش اسلوبی سے انجام دے رہا ہے اور اس کے علاوہ کوئی اور کام نہ کررہا ہے اور نہ ہی کسی سے ہدایات لے رہا ہے۔جمعہ کو یہاں جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مینڈیٹ کے مطابق مکمل غیر جانبدارانہ ،بلا خوف وخطراورآزادانہ طور پر انجا م دیتا ہے اورتمام معززممبران کی طرف سے اٹھائے گئے آئینی حلف کے مطابق غیر جانبداری اور شفافیت کے ساتھ صرف وہی امور سرانجام دیتا ہے جو آئین نے تفویض کئے ہیں،کمیشن روزانہ کی بنیاد پر چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے تشکیل کردہ بینچوں کے ذریعے اب تک سینکڑوں پٹیشنز کا فیصلہ کر چکا ہے ۔

کمیشن نے پچھلے عرصے میں جو کام سرانجام دیئے ہیں ۔ ان میں مدت ختم ہونے کے بعد سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کا کامیاب انعقاد ،سینیٹ کے 5، قومی اسمبلی کے 19اور صوبائی اسمبلیوں کے 40 حلقہ جات پر ضمنی انتخابات کا پرامن انعقاد یقینی بنایا اور اب بھی قومی اسمبلی کے 65حلقہ جات پر انتخابات ہو رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق پورے ملک میں 2021-22میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کا انعقاد بااحسن طریقے سے مکمل کیا گیا۔خیبر پختونخوا کے تمام مراحل کے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہ صرف مکمل کیا گیا بلکہ ان کے انعقاد کے دوران ایسے اقدامات اٹھائے گئے جس سے ووٹرز اور عملے کو مکمل سکیورٹی فراہم کی گئی ۔

اورتمام سٹیک ہولڈرز نے ان انتخابات کی شفافیت کو سراہا۔کمیشن نے 2022 میں بلوچستان اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات کوشدید نامصائب حالات اور مشکلات کے باوجود یقینی بنایا۔عام انتخابات کے لئے حلقہ بندیوں کا کام جوکہ ایک بہت بڑی مشق تھی کو کامیابی سے مکمل کیا گیا۔انتخابی فہرستوں کو نئے سرے سے مرتب کرنا بہت بڑا کام تھا کمیشن نے انتخابی فہرستوں پر ملک بھر میں نظر ثانی کروائی جوکہ 7اکتوبر 2022 کو شائع کر دی گئیں ۔ انتخابی فہرستیں آئندہ عام انتخابات کے لئے اپ ڈیٹ کر دی گئی ہیں ۔جس میں اب تک کے تمام اہل ووٹران کے نام کے اندارج کو یقینی بنایا گیا ہے۔