اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان جمہوریت کی بقاء ، فروغ اور استحکام کےلئے اپناآئینی کردار ادا کرتا رہے گا۔ جمعہ کو عالمی یوم ِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام افراد بشمول محروم طبقات کو انتخابی عمل میں شامل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور کی جارہی ہے تاکہ تمام اہل پاکستانیوں کو انتخابی فہرستوں میں نہ صرف شامل کیا جائے بلکہ اُنکی انتخابی عمل میں بلاامتیاز وتفریق بھر پور شرکت کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔