اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن ڈیجیٹل مردم شماری کی روشنی میں کی جانے والی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نئی حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت 30 نومبر کو کرے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 8 فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں،
حتمی انتخابی فہرستوں کی چھپائی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے وزارت داخلہ کو مسلح افواج کی تعیناتی کیلئے خط ارسال کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران و پولنگ سٹاف کی تربیت کیلئے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ضابطہ اخلاق کی منظوری دے گئی ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد کر دیا جائے گا۔ انتخابی مواد کی خریداری کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، بیلٹ پیپرز کی طباعت کیلئے ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی سے متعلق صوبائی حکومتوں کی جانب سے مکمل تفصیلات جلد الیکشن کمیشن کو موصول ہو جائیں گی۔ ریجنل مانیٹرنگ کوآرڈینیٹرز کی تعیناتی اور ٹریننگ کا عمل جاری ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں صدر مملکت سے ملاقات کے بعد 8 فروری کو پولنگ کی تاریخ کا اعلان کیا۔ الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں پر دائر 1324 اعتراضات نمٹائے۔ قومی اسمبلی کے 266، پنجاب اسمبلی 297، سندھ اسمبلی 130، خیبرپختونخوا اسمبلی 115 اور بلوچستان اسمبلی کے 51 حلقے نئی مردم شماری کی روشنی میں بنائے گئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414614