الیکشن کمیشن نے انتخابات کے پرامن انعقاد اور فول پروف سیکورٹی کیلئے سول آرمڈ فورسز اور افواج پاکستان کی تعیناتی کیلئے 19 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کردیا

133
Election Commission
Election Commission

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے انتخابات کے پرامن انعقاد اور فول پروف سیکورٹی کیلئے سول آرمڈ فورسز اور افواج پاکستان کی تعیناتی کیلئے 19 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے۔ افواج پاکستان صرف منتخب انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کے باہر تعینات ہوں گی۔سول آرمڈ فورسز بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے دوران پرنٹنگ پریس کی حفاظت پر مامور ہوں گی۔ انتخابی سامان کی ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر سے پولنگ سٹیشنز تک ترسیل، گنتی اور انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد انتخابی سامان کی واپس ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر تک منتقلی تک سیکورٹی مہیا کریں گی۔

جمعرات کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق کے مطابق مسلح افواج پاکستان آئین پاکستان کے آرٹیکل 245 اور اپنے مینڈیٹ کی حدود کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے الیکشن کیشن پاکستان کی عام انتخابات 2024 کے انعقاد میں ووٹروں کو محفوظ ماحول کی فراہمی، ووٹرز کو بحفاظت پولنگ سٹیشنز تک پہنچنے میں معاونت کریں گی، محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کیلئے پولیس درجہ اول کی ذمہ دار جبکہ سول آرمڈ فورسز ثانوی اور افواج پاکستان ثانوی درجے کی ذمہ دار ہوں گی، آئین پاکستان کے آرٹیکل 220، 245 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن 4 اور 5 اور انتخابی قانون 2017 کی دفعہ 193 اور سیکشن 5 کے تحت اپنے فرائض انجام دیں گی، ہر آفیسر اور جے سی او الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے تحت اپنے اختیارات کا بروقت استعمال کرے گا۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز، ریٹرننگ آفیسرز، پریذائیڈنگ آفیسرز اور پولنگ کے عملے کو اپنے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دینے کیلئے سول آرمڈ فورسز اور مسلح افواج کا عملہ محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے تعاون کرے گا۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق انتخابی عمل اور خاص طور پر ووٹنگ کے عمل کے دوران غیر جانبدار رہیں گے اور کسی بھی سیاسی جماعت یا امیدوار کے حق یا مخالفت میں کام نہیں کریں گے، غیر قانونی صورتحال سے قانون کے مطابق نمٹیں گے، شائستگی کا مظاہرہ کریں گے، مشکوک ووٹرز کی نشاندہی کریں گے تاکہ پولیس کے اہلکار ایسے ووٹر کی پولنگ سٹیشن کی حدود میں داخلہ سے پہلے اس کی جامع تلاشی لے ، اس امر کو یقینی بنایا جا ئے گا کہ کوئی بھی شخص اپنے ساتھ ہتھیار یا دھماکہ خیز مواد یا ممنوعہ چیز پولنگ سٹیشن کے اندر نہ لے جاسکے۔

منتخب حساس پولنگ سٹیشن کے باہر خدمات سرانجام دیتے ہوئے خصوصی طور پر توجہ ماحول پرامن بنانے پر مرکوز رکھیں گی۔ پولنگ سٹیشن کے باہر کسی بھی بے ضابطگی، بدانتظامی جس کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہو، کی اطلاع پریذائیڈنگ آفیسر اور اپنے اعلیٰ افسر کو دیں گے اور جاری کردہ ہدایات کے مطابق عمل کریں گے۔ اگر پریذائیڈنگ آفیسر کسی مبینہ بے ضابطگی یا بدانتظامی کے ارتکاب کو روکنے کیلئے کام نہیں کرتا ہے تو سیکورٹی عملہ فوری طور پر اس معاملہ کو متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کے نوٹس میں لائے گا۔ تمام متعلقہ قوانین پر عمل اور انتخابی عمل کے دوران امن و امان اور محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

مجاز مبصرین اور میڈیا کے افراد کو پولینگ سٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ کسی بھی اہل ووٹر کو پولنگ سٹیشن میں داخل ہونے سے نہیں روکا جائے گا تاہم ہتھیار یا دھماکہ خیز مواد یا ایسے افراد جو شرانگیزی پھیلانے یا ملکی مفاد یا سلامتی کے خلاف کوئی حرکت پائیں جائیں انہیں روکے جانے کی اجازت ہوگی۔ بیلٹ پیپرز، ووٹر لسٹ، بیلٹ باکس، فارم 45 اور 46 سمیت کوئی بھی انتخابی مواد اپنی تحویل میں نہیں لے سکیں گے۔ کسی بھی امیدوار، انتخابی ایجنٹ، پولنگ ایجنٹ، مبصر یا میڈیا کے نمائندہ کے ساتھ کسی بھی طرح کی بحث یا جھگڑے سے گریز کریں گے۔

پریذائیڈنگ آفیسر، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر یا پولنگ آفیسر کے کام میں کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں کریں گے۔ پولنگ سٹیشن کے باہر کسی انتخابی بے قاعدگی کے الزام کا خود جواب دینے کی بجائے اس معاملہ کو پریذائیڈنگ آفیسر کے علم میں لائیں گے اور اس سے ضروری ہدایات لیں گے اگر پولنگ سٹیشن پر یہ سلسلہ جاری رہتا ہے تو اپنے آفیسر کو فوری مطلع کریں گے تاکہ فوراً قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔ گنتی کے عمل میں کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں کریں گے بلکہ گنتی کے عمل کو مکمل کرنے کیلئے پولنگ سٹیشن کے باہر اپنی ڈیوٹی مستعدی کے ساتھ انجام دیں گے تاکہ گنتی کا عمل پرامن طریقے سے مکمل ہو۔