اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):ترجمان الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں پر تجدید کے کام کا آغاز کردیا ہے اور یہ دونوں کام ساتھ ساتھ مکمل کئے جائیں گے۔
جمعہ کو الیکشن کمیشن سے جاری بیان میں ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ میڈیا کے چند حلقوں میں کہا جا رہا ہے کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کے بعد انتخابی فہرستوں کی تجدید کا کام کرے گا اور اس کے بعد انتخابات کے شیڈول کا اعلان اور انعقاد ممکن ہوگا ، یہ خبر درست نہیں ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں پر تجدید کے کام کا آغاز کردیا ہے اور یہ دونوں کام ساتھ ساتھ مکمل کئے جائیں گے۔