پشاور۔ 04 جولائی (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے سینیٹ میں صوبہ خیبر پختونخوا کی 7جنرل ، 2خواتین اور 2 ٹیکنو کریٹ/ علماء کی نشستوں کی پولنگ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کے مطابق پولنگ 21 جولائی 2025کو خیبر پختونخوا اسمبلی کی بلڈنگ میں ہوگی ۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 2 اپریل 2024 کو مذکورہ بالا انتخابات سپیکر کی طرف سے مخصوص نشستوں پرمنتخب ممبران صوبائی اسمبلی سے حلف نہ لینے اور الیکٹورل کالج نامکمل ہونے کی وجہ سے ملتوی کئے تھے۔
مزید الیکشن کمیشن نے ثانیہ نشتر کی سینیٹ سے خالی کردہ نشست پر انتخابا ت کے لئے الیکشن پروگرام جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پبلک نوٹس 9 جولائی 2025 ،کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ 10 اور 11جولائی ، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 16 جولائی اور پولنگ 31 جولائی کو ہوگی۔مزید برآں مرحوم ساجد میر کی سینیٹ سے خالی نشست پرالیکشن کے مختلف مراحل جوکہ الیکٹورل کالج نا مکمل ہونے کی وجہ سے ملتوی کئے گئے تھے اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔
جس میں ریٹرننگ آفیسر امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 15 جولائی 2025 کو جاری کرے گااور کاغذات نامزدگی 16 جولائی 2025 تک واپس لئے جاسکیں گے ، پولنگ 21 جولائی 2025 کو پنجا ب اسمبلی بلڈنگ میں ہوگی۔اسکے علاوہ قومی اسمبلی میں خیبر پختونخوا صوبہ سے مسلم لیگ ن کی خواتین کی مخصوص 2 خالی نشستوں پر بھی الیکشن پروگرام جاری کر دیا گیا ہے ۔
جس کے مطابق پبلک نوٹس 8 جولائی 2025 کو ریٹرننگ آفیسر جاری کرے گا۔کاغذات نامزدگی 9 اور 10 جولائی 2025کو جمع کروائےجا سکیں گے ، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14 جولائی اور امیدواروں کی حتمی فہرست 24 جولائی 2025 کو جاری کی جائے گی ۔ مسلم لیگ ن کو 10 جولائی تک ترجیحی فہرست ریڑننگ آفیسر کے پاس جمع کروانی ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے 2جولائی 2025 کو مخصوص نشستوں پر جن ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا ان کی حلف برداری کے لئے بھی سپیکر قومی و صوبائی اسمبلیوں کو خط ارسال کر دیئے گئے ہیں تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکیں اور خیبر پختونخوا اور پنجاب کے سینیٹ الیکشن میں ووٹ کاسٹ کر سکیں۔
جس کے مطابق پولنگ 21 جولائی 2025کو خیبر پختونخوا اسمبلی کی بلڈنگ میں ہوگی ۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 2 اپریل 2024 کو مذکورہ بالا انتخابات سپیکر کی طرف سے مخصوص نشستوں پرمنتخب ممبران صوبائی اسمبلی سے حلف نہ لینے اور الیکٹورل کالج نامکمل ہونے کی وجہ سے ملتوی کئے تھے۔