الیکشن کمیشن نے ضلع بنوں کی تحصیل بکاخیل میں امن وامان کی خراب صورتحال کی وجہ سے اتوار کوہونے والے بلدیاتی انتخابات کی پولنگ ملتوی کردی

107
پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخاب ،چیف الیکشن کمشنر کی پولنگ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضلع بنوں کی تحصیل بکاخیل میں امن وامان کی خراب صورتحال کی وجہ سے اتوار کوہونے والے بلدیاتی انتخابات کی پولنگ ملتوی کردی ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر /ڈی آر او بنوں اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں نے تحصیل بکاخیل کے کچھ پولنگ سٹیشنوں پر ناخوشگوار واقعات اور تحصیل میں امن وامان کی مخدوش صورتحال کی نشاندہی کی ،چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے بھی دونوں افسران کے موقف کی تائید کی۔ مذکورہ بالارپورٹوں کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے تحصیل بکاخیل میں پولنگ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

الیکشن کمیشن نے یہ واضح کیا کہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے اور ووٹروں کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا پورا موقع دیا جائیگا،کسی قانونی خلاف ورزی پر بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔

چیف الیکشن کمشنر نےفوری طور پر اس سلسلے میں 3 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو تحصیل بکاخیل میں پولنگ کے حوالے سے تمام واقعات و معاملات کی مکمل تحقیقات کر کے 7 روز میں اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کرے گی۔

انکوائری کمیٹی سپیشل سیکرٹری ظفر اقبال کی سربراہی میں بنائی گئی ہے اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لاء خرم شہزاد اور خوشحال زادہ ڈائریکٹر الیکشن خیبر پختونخوا اس میں ممبران کی حیثیت سے شامل ہیں۔