اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں میں غلطیوں کو درست کرنے کے لئے ملک بھر میں 11500 ڈسپلے سینٹرز قائم کر دیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے حکام نے منگل کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کے ضلعی دفاتر میں انتخابی فہرستیں رکھ دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ رجسٹریشن آفیسرز اور اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز کے دفاتر میں بھی یہ فہرستیں موجود ہیں۔ شہری انتخابی فہرستوں میں کسی بھی تصحیح کیلئے صبح 8 بجے سے 4 بجے تک ان دفاتر سے رجوع کر سکتے ہیں۔ انتخابی فہرستوں میں تصحیح کی مہم 10 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رائے دہندگان سے کہا ہے کہ وہ اپنے قومی شناختی کارڈ کے ہمراہ ڈسپلے سینٹرز پر جائیں اور اپنا اندراج چیک کریں