اسلام آباد ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی) الیکشن کمیشن نے پنجاب سے سینیٹ کی دو خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کیلئے شیڈول جاری کردیا ہے ، پولنگ 15نومبرکو پنجاب اسمبلی میں ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق پنجاب سے سینیٹ کی خواتین کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر سعدیہ عباسی اور عمومی نشست پر سینیٹر ہارون اختر خان کی نااہلی سے خالی ہونے والی نشست پر کاغذات نامزدگی31 اکتوبر شام پانچ بجے تک جمع کرائے جاسکیں گے جن کی جانچ پڑتال 3 نومبر کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف پانچ نومبر جبکہ ان پر فیصلے 7نومبرکو ہوںگے۔امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 8 نومبرکو جاری کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی9 نومبرکو واپس لئے جاسکیں گے۔ پولنگ 15نومبرکو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔