الیکشن کمیشن کا آئندہ عام انتخابات کے لئے بنائے جانے والے ضابطہ اخلاق پر سیاسی جماعتوں سے مشاورتی اجلاس

93
Election Commission

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں زیر دفعہ 233(1) الیکشن ایکٹ 2017کے آئندہ عام انتخابات کے لئے بنائے جانے والے ضابطہ اخلاق کے ڈرافٹ ( مسودے ) پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی گئی۔

جمعرات کے روز ہونے والے اجلاس میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں نے شرکت کی جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ، پاکستان تحریک انصاف، ایم کیوا یم پاکستان ، بلوچستان عوامی پارٹی ، عوامی نیشنل پارٹی ، نیشنل پارٹی و دیگر پارٹی نمائندے شامل تھے ۔ انہوں نے ڈرافٹ ضابطہ اخلاق پر اپنا فیڈ بیک دیا اور ضابطہ اخلاق میں بہتری کے لئے اپنی تجاویز بھی پیش کیں ۔

الیکشن کمیشن نے ان کی تجاویز کو سنا اور نوٹ بھی کیا۔چیف الیکشن کمشنر نے اجلاس میں شریک تمام سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ قانون کی روشنی میں ان تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا اورقابل عمل تجاویز کو ضابطہ اخلاق کا حصہ بنایا جائے گا۔اجلاس میں ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار احمد درانی ، بلوچستان شاہ محمود جتوئی ،پنجاب بابر حسن بھروانہ اور خیبر پختونخوا جسٹس( ریٹائرڈ)اکرام اللہ خان کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید خان ، سیاسی پارٹیوں کے نمائندگان اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔