الیکشن کمیشن کا ووٹرز کے کوائف کی درستگی کےلئے (آج) تمام فیلڈ دفاتر کھلے رکھنے کا فیصلہ

122
الیکشن کمیشن

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عوام کی سہولت کے لئے(آج) ہفتہ کو سرکاری تعطیل کے باوجودتما م فیلڈ دفاتر کوکھلے رکھنے کا فیصلہ کیاہے تاکہ عوام ووٹ اندراج، ٹرانسفر ، اخراج اور کوائف کی درستی کے سلسلے میں سرکار ی اوقات کے دوران رجو ع کر سکیں ۔

جمعہ کو ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن نے24اکتوبر 2023کو ووٹ اندراج، ٹرانسفر ، اخراج اور کوائف کی درستی کی مدت میں 3 دن کی توسیع کر دی تھی جس کے مطابق اب ووٹ اندراج، ٹرانسفر ، اخراج اور کوائف کی درستی 28 اکتوبر تک ہو سکتی ہے ۔

چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو اس ضمن میں ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تا کہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں بروز ہفتہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز(رجسٹریشن آفیسرز) کے دفاتر کو کھلا رکھنے اور عوام کو ووٹ اندراج، ٹرانسفر ، اخراج اور کوائف کی درستی کے سلسلے میں تمام تر سہولیات کو یقینی بنائیں ۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ قانون کے مطابق ووٹ اندراج اورمنتقلی صرف شناختی کارڈ پر درج ایڈریس کے مطابق ہی کی جاسکتی ہے ۔