الیکشن کمیشن کا ووٹرلسٹوں میں صنفی فرق ختم کرنے کیلئے ووٹررجسٹریشن مہم کا آغاز

37

لاہور۔4جولائی (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے ووٹرلسٹوں میں صنفی فرق کو ختم کرنے اور تمام اہل شہریوں کی ووٹر رجسٹریشن کیلئے نادرا کے تعاون سے ووٹر رجسٹریشن مہم کا آغاز کر دیا ہے ،اس مہم کے تحت صوبہ پنجاب کے 25اضلاع میں نادرا کے تعاون سے موبائل رجسٹریشن وین اور دیگر ذرائع سے شناختی کارڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ان اضلاع میں خاطر خواہ تعداد میں ایسی آبادی موجود ہے جن کے شناختی کارڈ نہیں بنے اور وہ رجسٹرڈ ووٹر نہیں ہیں۔اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن اور نادرا کے افسران کی ٹریننگ کا پہلا سیشن جمعہ کو صوبائی الیکشن کمشنرآفس لاہور میں منعقد ہوا۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب شریف اللہ نے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے ووٹر رجسٹریشن میں مرد اور خواتین کے درمیان فرق کوکم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ خواتین کے شناختی کارڈز بنائے جائیں ، الیکشن کمیشن جینڈر ونگ نے ووٹررجسٹریشن کمپین فیز5 کے نام سے پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت پنجاب کے 25 اضلاع میں خصوصی حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پلان پر عمل درآمد کیلئے الیکشن کمیشن اور نادرا کے علاوہ مقامی سی ایس اوز اور سیاسی جماعتوں سمیت تمام مکتب فکر کو حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا، تاکہ مرد و خواتین کے درمیان ووٹ کے فرق کو ختم کیا جائے ۔