الیکشن کمیشن کا پنجاب حکومت کی جانب سے ضروری دستاویزات، اعدادوشمار اورنقشہ جات کی عدم فراہمی پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار

199
Election Commission

اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے ضروری دستاویزات، اعدادوشمار و نقشہ جات کی عدم فراہمی پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے قبل بھی دو بار حلقہ بندیاں کرکے قومی خزانے سے وسائل خرچ کئے گئے جبکہ اب تیسری مرتبہ پھر نئی حلقہ بندیاں کی جانی ہیں، صوبائی حکومت کی غیرسنجیدگی کی وجہ سے صوبہ میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا۔ منگل کو الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطا ن راجہ کی زیرصدارت ہوا۔

اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ صوبائی حکومت پنجاب نے لوکل گورنمنٹ انتخابا ت کے انعقاد کے لئے قانون سازی کی ہے اور پنجاب اسمبلی نے لوکل گورنمنٹ بل 2021 یکم نومبر 2022 کو منظور کر لیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے 25 اکتوبر 2022 کو لوکل گورنمنٹ انتخابات پنجاب کے کیس کی سماعت کے دوران پنجاب حکومت کو حکم دیا تھا کہ 15دن کے اندر الیکشن رولز، حلقہ بندی رولز، یونین کونسلوں کی تعداد دیگر ڈیٹا و نقشہ جات الیکشن کمیشن کو مہیا کریں تاکہ الیکشن کمیشن حلقہ بندی کے کام کا آغاز کر سکے۔ اس ضمن میں الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے ڈرافٹ رولز موصول ہوئے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کو دیگر دستاویزات، ڈیٹا اور نقشہ جات وغیرہ تاحال مہیا نہیں کئے گئے۔

الیکشن کمیشن نے اس کا سخت نوٹس لیا اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا کہ پہلے بھی الیکشن کمیشن دو مرتبہ حلقہ بندیوں کی تکمیل کر چکا ہے اور ان حلقوں پر آنے والے اخراجات قومی خزانہ پر بوجھ ثابت ہوئے لیکن صوبائی حکومت کے غیرسنجیدہ رویہ اور بار بار قانون میں ترامیم کی وجہ سے صوبہ میں الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا، اب الیکشن کمیشن کو تیسری مرتبہ حلقہ بندیاں کرنی پڑیں گی۔ الیکشن کمیشن نے یہ بھی حکم دیا کہ وزیر لوکل گورنمنٹ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو میٹنگ کے لئے جلد بلایا جائے تاکہ بلدیاتی انتخابات کے انعقادکو ممکن بنایا جائے۔

الیکشن کمیشن لوکل گورنمنٹ الیکشن 120 دن کے اندر کرانے کا پابند ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر کو حکم دیا گیا کہ وہ فوری طور پر حلقہ بندی کمیٹیوں اور حلقہ بندی اتھارٹیز کی تعیناتی کا کیس الیکشن کمیشن میں مہیا کرئے تاکہ ضروری نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اور فوری طور پر ان کی ٹریننگ یقینی بنائی جائے۔ دفتر کو بھی حکم دیا گیا کہ ڈرافٹ رولز پر اپنا فیڈ بیک فوری طور پر مکمل کریں تاکہ الیکشن کے انعقاد کے سلسلے میں ضروری اقدامات فوری طور پر اٹھائے جائیں۔