اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کے لئے 6 جنوری کو اجلاس طلب کرلیا۔الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں بدھ کو منعقد ہوا جس میں ممبران الیکشن کمیشن ، سیکرٹری الیکشن کمیشن ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب، ڈائریکٹر ملیٹری لینڈ کنٹونمنٹ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ اور ویلج و پنچائیت ایکٹ، 4 مئی 2019ء کو نافذ العمل ہوگیا تھا ۔صوبائی گورنمنٹ قانون کے مطابق 21 مہینوں کے اندر صوبہ میں لوکل گورنمنٹ کے ادارے قائم کرنے کی پابند ہے اور انتخابات کا انعقادقانون کے مطابق3 فروری2021ءسے پہلے ہونا ضروری ہے۔ بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے سلسلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔الیکشن کمیشن کے استفسارپر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب الیکشن کے انعقاد کی تاریخوں اور ویلج وپنچائیت کے ناموں کے حوالے سے کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکےجس پر الیکشن کمیشن نے برہمی کا اظہار کیا ۔الیکشن کمیشن نے حکومت پنجاب کو ہدایت کی کہ ویلج اور پنچائیت کونسلوں کے ناموں کی منظوری 10 جنوری 2021ء تک کروائے بصورت دیگر الیکشن کمیشن ویلج اور پنچائیت کونسلوں کی پرانے ناموں پر حلقہ بندیوں کی اشاعت کردے گا۔انتخاب کی تاریخوں کے حوالے سے مشاورتی اجلاس 6 جنوری 2021ء کو الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ طلب کرلیا ہے ۔ جس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تاریخوں کے اعلان کے سلسلے میں قانونی مشاورت کے لئے حکومت پنجاب سے نمائندہ بھیجنے کے احکامات جاری کئے۔ الیکشن کمیشن نے دفتر کو بھی ہدایت کی الیکشن میں حصہ لینے کے خواہشمند الیکٹورل گروپس کی رجسٹریشن کافوری آغاز کیا جائے تاکہ جلدازجلد الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔ کنٹونمنٹ الیکشن کے انعقاد کےحوالے سے ڈائریکٹرملٹری لینڈکنٹونمنٹ نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ وزارت دفاع نے وفاقی حکومت کو سمری بھیجی ہے کہ فیڈرل گورنمنٹ سیکشن 58(2) کنٹونمنٹ آرڈیننس 2002کےتحت الیکشن کمیشن کو الیکشن کے انعقاد سے متعلق استدعا کرے اس پر الیکشن کمیشن نے 15روز کا وقت دیا ہے کہ معاملہ کی اہمیت کو سامنے رکھتے ہوئے وزارت دفاع متعلقہ سطح پر ضروری اقدامات اٹھائے۔