الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی کی جانب سے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں تفصیلات جمع نہ کرانے پر شدید برہمی کا اظہار،آخری مہلت د ے کر فیصلہ محفوظ کرلیا

116

اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کی جانب سے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں تفصیلات جمع نہ کرانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے تفصیلات جمع کرانے کی آخری مہلت د ے کر فیصلہ محفوظ کرلیاہے۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ 18ستمبر تک پی ٹی آئی کے پارٹی اکاﺅنٹس کی تفصیلات نہ آئیں تو وہ ممنوع ذرائع سے فنڈز لینے والی پارٹی قرار پائے گی۔پیر کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی باقاعدہ سماعت کا آغاز کیا ۔ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے پانچ رکنی بینچ کی جانب سے طلب کی گئی اکاﺅنٹس کی تفصیلات آج بھی جمع نہیں کرائیں ۔درخواست گزار اکبر ایس بابر کے وکیل احمد حسن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی فنڈنگ کیس پراسلام آباد ہائیکورٹ کا عبوری فیصلہ آ گیا ہے جس میں ہائیکورٹ نے پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تحریک انصاف کا اس کیس میں کیا مﺅقف ہے،یہ تین سال میں بھی معلوم نہیں ہو سکا۔