کوئٹہ۔ 19 دسمبر (اے پی پی):ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے ریٹرننگ آفیسران کی تربیت کاعمل جاری ہے۔ اسی سلسلے میں منگل کے روز بلوچستان میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسران کے ٹریننگ سیشن کا انعقاد ہوا۔ سیشن میں کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے صوبائی الیکشن کمشنر کے ساتھ مل کر ڈی آر اوز کی ٹریننگ اور ان کے ذمہ امور کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر کمشنر حمزہ شفقات نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کا کردار الیکشن کے انعقادکیلئے بہت اہم ہوتا ہے جس کیلئے ریٹرننگ آفیسران نے حلف لینا ہوتا ہے،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشاورت سے انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی کے علاوہ تمام پولنگ اسٹیشنز اور پولنگ عملے کی حتمی منظوری دینا بھی ان کے کام میں شامل ہوتا ہے لہذا ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسران اپنی ٹریننگ سے بھرپور استفادہ حاصل کریں تاکہ دوران الیکشن کسی بھی قسم کی شکایات کا موقع نہ ملے۔