الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبائی اسمبلی کی چار نشستوں پر ضمنی انتخاب کے معرکے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں

72
Election Commission

لاہور۔16جولائی (اے پی پی):الیکشن کمیشن پنجاب کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کی چار نشستوں پر ضمنی انتخاب کے معرکے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں،

لاہورمیں ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں قائم چار سو چھیاسٹھ پولنگ اسٹیشنز کے لیے پولنگ کا سامان پریزائڈنگ افسران کے حوالے کر دیا گیا ۔ تفصیل کے مطابق ہر پریزائڈنگ افسر کو ،پولنگ بوتھس ، بیلٹ پیپرز، اسٹیشنری اورباکسسزدئیے گئے ہیں ،پی پی ایک سو اٹھاون،ایک سو سڑسٹھ ،ایک سو اڑسٹھ اور ایک سو ستر کے ریٹرننگ افسران نے انتخابی سامان پریزائڈنگ افسران کے حوالے کر دیا ،

ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے سامان پولنگ اسٹیشنز تک پولیس کی نگرانی میں پہنچایا گیا, پریزائڈنگ افسران نے الیکشن کمیشن کیجانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام سامان وصول کر لیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق پولنگ کروائی جائے گی ۔

لاہور کے چار ضمنی حلقوں میں بیالیس امیدوار مدمقابل ہیں ان ضمنی انتخابات میں سات لاکھ بائیس ہزار آٹھ سو اٹھتر ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ ووٹرز کے لئے چار سو چھیاسٹھ پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔