الیکشن کمیشن کی مالی ضرورت پوری کرنے کیلئے کوئی بحران نہیں، ای سی پی کو جو بھی بجٹ کی رقم درکار ہوگی، اس کی ضرورت کے مطابق جاری کی جائے گی، مرتضیٰ سولنگی

164
Murtaza Solangi
Murtaza Solangi

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی مالی ضرورت پوری کرنے کے لئے کوئی بحران نہیں، ای سی پی کو جو بھی بجٹ کی رقم درکار ہوگی، اس کی ضرورت کے مطابق جاری کی جائے گی۔

پیر کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنے ٹویٹ میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن کی بجٹ ضروریات پوری کرنے کے لئے 42 ارب روپے کی منظوری دی تھی، 10 ارب روپے کی رقم پہلے ہی جاری کی جا چکی ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے منظور شدہ بجٹ کی رقم میں سے 17.4 ارب روپے جاری کرنے کے لئے رابطہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای سی پی کو جو بھی بجٹ کی رقم درکار ہوگی، اس کی ضرورت کے مطابق جاری کی جائے گی، ہم آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔