الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کادس اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کےسلسلہ میں حلقہ بندیوں اور دیگر انتظامی امور کی انجام دہی کے لئے جاری شیڈول میں توسیع کا اعلان

177
الیکشن کمیشن کسی قسم کے ہتھکنڈوں سے دبائو میں نہیں آئے گا اور آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیتا رہے گا، ترجمان الیکشن کمیشن

گلگت۔17دسمبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے خطہ کے تمام دس اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں حلقہ بندیوں اور دیگر انتظامی امور کی انجام دہی کے لئے جاری شیڈول میں توسیع کا اعلان کردیا ہے ،اس حوالہ سے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن اتھارٹی کو معاشرے کے مختلف طبقوں، بشمول سیاسی جماعتوں، ووٹرز اور عام عوام کی جانب سے متعدد درخواستیں اور شکایات موصول ہوئیں، جن میں انتخابات کے سلسلے میں حلقہ بندیوں اور دیگر انتظامی امور پر نظرثانی اور شکایات کے ازالہ کی درخواست کی گئی تھی۔

عوام کے ان جائز مطالبات اور مسائل کے پیش نظر چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے شیڈول میں توسیع کا فیصلہ کیا تاکہ بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل شفاف، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ انداز میں مکمل کیے جاسکیں۔چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے کہا کہ الیکشن کمیشن عوام کے جمہوری حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے۔

حلقہ بندیوں سمیت دیگر انتظامی امور کو مؤثر اور جامع طریقے سے مکمل کیا جائے گا تاکہ کسی بھی طبقے کی حق تلفی نہ ہو۔الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے حلقہ بندی اتھارٹیز کی تقرریاں پہلے ہی عمل میں لائی جاچکی ہیں،جس کے تحت گلگت بلتستان کے تمام 10 اضلاع کے ججز کو اختیارات حاصل ہیں کہ وہ حلقہ بندیوں کی نگرانی کریں۔