الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کا ضلع دیامر کے دو انتخابی حلقوں میں 12 جولائی کو دوبارہ پولنگ کرانے کا اعلان

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کا ضلع دیامر کے دو انتخابی حلقوں میں 12 جولائی کو دوبارہ پولنگ کرانے کا اعلان

گلگت۔ 06 جولائی (اے پی پی):الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے فیصلوں کی روشنی میں ضلع دیامر کے2انتخابی حلقوں کے مخصوص پولنگ سٹیشنز پر 12 جولائی کو دوبارہ پولنگ کرانے کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے عدالتی احکامات کی تعمیل میں حلقہ GBA-15 (دیامر-I) کے فیمیل پولنگ سٹیشن لوشی تھک اور حلقہ GBA-17 (دیامر-III) کے 8 پولنگ سٹیشنز پر 12 جولائی کو دوبارہ پولنگ کرانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ الیکشن ایکٹ 2017، الیکشن رولز 2017 اور سپریم اپیلیٹ کورٹ کے فیصلوں کے مطابق تمام انتظامات بروقت مکمل کرتے ہوئے دوبارہ پولنگ کے عمل کو ہر لحاظ سے شفاف، آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور پرامن بنائیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے متعلقہ پولنگ سٹیشنز کے تمام ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ پر اپنے پولنگ سٹیشن پہنچ کر اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں اور انتخابی عمل کی کامیابی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔