استور۔ 16 جنوری (اے پی پی):الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے تمام ووٹرز کی شکایات کے ازالے کے لیے جدید کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رولز سوفٹ ویئر (CERS) متعارف کروا دیا ہے۔ یہ اقدام چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان، راجہ شہباز خان کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے۔شعبہ تعلقات عامہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے مطابق، اس جدید سسٹم کے ذریعے ووٹرز کے ووٹ سے متعلق تمام شکایات کی درستگی اور دیگر امور کی کمپیوٹرائزڈ طریقے سے بروقت حل ممکن بنایا جائے گا۔
عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ اپنا شناختی کارڈ نمبر بغیر ڈیش کے 8301 پر ایس ایم ایس کریں تاکہ اپنے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنایا جا سکے۔ووٹ کے عدم اندراج کی صورت میں متعلقہ حلقے کے رجسٹریشن آفیسر سے مکمل رہنمائی کے ساتھ درج ذیل فارم حاصل کریں۔فارم 21 ووٹ کے اندراج کے لیے،فارم 22 ووٹ کے اخراج کے لیے اور فارم 23 کوائف میں درستگی کے لیےترتیب دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن عوام کی سہولت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور امید کرتے ہیں کہ عوام اس جدید سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔