اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اووسیز ووٹنگ کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹیوں کی رپورٹس الیکشن کمیشن میں پیش کردی گئیں جبکہ کمیشن نے رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئےفیصلہ کیا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے لئے مشینوں کی خریداری کے لئےآرایف پی اور ٹینڈرنگ پراسس کی تکمیل کو یقینی بنایا جائےاو ر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی خریداری سے متعلق تمام قواعد وضوابط و قوانین کو مد نظر رکھاجائے۔جمعرات کوالیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا ۔ جس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن ودیگر سنیئر افسران نے شرکت کی ۔
اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اووسیز ووٹنگ کے حوالے سے بنائی گئی تین کمیٹیوں نے اپنی رپورٹس الیکشن کمیشن میں پیش کیں اور سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اس بارے میں الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا ۔الیکشن کمیشن کو ای وی ایم کی خریداری سے لے کر استعمال تک کے تمام مراحل اورپلان آف ایکشن پر بریفنگ دی گئی۔الیکشن کمیشن کو بتایاگیا کہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام کی منظوری ہوگئی ہے اور اس سلسلے میں تین افسروں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں ۔
جس پر الیکشن کمیشن نے رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیااور فیصلہ کیا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے لئے مشینوں کی خریداری کے لئےآرایف پی اور ٹینڈرنگ پراسس کی تکمیل کو یقینی بنایا جائےاو ر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی خریداری سے متعلق تمام قواعد وضوابط و قوانین کو مد نظر رکھاجائے اور تمام عمل و مراحل کو مد نظر رکھتے ہوئے مشین کی کوالٹی ، سکریسی اور سکیورٹی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے یہ عمل مکمل کیا جائے ۔ مزید اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈر ز کے ساتھ مشاورت کا عمل شروع کیا جائےاور انہیں اعتماد میں لیا جائے۔
مزیدمشینوں کی پائلٹ ٹیسٹنگ بھی کی جائے گی۔ اووسیزووٹنگ کے حوالے سےکمیٹی نے الیکشن کمیشن کومزید قانون سازی کی ضرورت کے ساتھ چار تجاویز پیش کیں جن میں ووٹنگ انٹرنیٹ، پوسٹل ووٹنگ،سفارتخانوں میں آن لائن ووٹنگ اور الیکٹرانک پوسٹل بیلٹ ووٹنگ شامل ہیں۔اس کے علاوہ اووسیز پاکستانیوں کے لئے علیحدہ الیکٹورل کالج اور مخصوص نشستوں کی تجویز بھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کوبتایا گیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی خریداری کے مختلف مراحل اور اس پر آنے والے اخراجات سے متعلق تخمینہ تقریباً 258ارب روپے ہے مزید ان کی سٹوریج اورانتخابات کے دوران مرمتی اور پولنگ سٹیشنوں پر ترسیل کے حوالے سے مشکلات اور مراحل پر بریفنگ دی گئی ۔ مزید الیکشن کمیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے متعلق مزید قانون سازی کی ضرورت پربھی بریفنگ دی گئی۔