اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے امید ظاہر کی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) بل پر عمل درآمد کرانے کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرے گا جو ملک میں شفاف انتخابی نظام کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا، انتخابی اصلاحات کا مقصد جمہوریت کی روح کو برقرار رکھنا اور آنے والی نسلوں کو دھاندلی سے پاک شفاف انتخابی نظام مہیا کرنا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای وی ای ٹیکنالوجی کے استعمال سے ووٹ ضائع ہونے اور دھاندلی کے امکانات ختم ہو جائیں گے، یہ مشینیں انٹرنیٹ سے منسلک نہیں ہوں گی لہذا انہیں کوئی ہیک نہیں کر سکے گا۔ شبلی فراز نے زور دیا کہ تکنیکی ترقی کا پورے انتخابی عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے اور جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے کردار اہم ہو گا، امید ہے کہ آئندہ ضمنی انتخابات میں ای وی ایم پر عمل درآمد کے حوالے سے پہلا پائلٹ پراجیکٹ ہو جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کے دور دراز کے علاقوں میں لوگوں کو ای وی ایم کے بارے آگاہی یقینی بنائی جائے گی، ای وی ایم انتخابات کو تنازعات سے پاک کرنے سمیت اس سے منسلک دیگر مسائل سے نجات حاصل کرنے کا واحد راستہ ہے، ای وی ایم ٹیکنالوجی سے فوری نتائج روایتی انتخابی نظام کے مقابلے میں زیادہ پر اعتماد ہوں گے۔
سینیٹر شبلی فراز نے مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگی کی نائب صدر اپنے کیس کو طول دینے کیلئے تاخیری حربے استعمال کر رہی ہیں جبکہ لیگی رہنما بھی ذاتی فواہد کے حصول کیلئے اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ملک میں کرپٹ مافیا کا راج تھا جنہوں نے ملک اور اداروں کو یرغمال بنا رکھا تھا تاہم تحریک انصاف کے دور حکومت میں تمام ادارے آزادانہ طور پر اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں صحافیوں کے بنیادی حقوق اور انتخابات میں شفافیت سمیت دیگر اہم بلوں کے پاس ہونے کو بھی سراہا۔