الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے انتخابات میں شفافیت آئے گی، لوکل گورنمنٹ کا ڈھانچہ مضبوط ہو توثمرات نچلی سطح تک جاتے ہیں،وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹرشبلی فراز کا ”مقامی حکومتوں کے مستقبل بارے قومی کانفرنس“ سے خطاب

92

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹرشبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے استعمال سے انتخابات میں شفافیت آئے گی اور دھاندلی کے امکانات ختم ہونگے، اگلے دو برسوں میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں مزید لوگوں کو روزگار موقع فراہم کریں گے۔

بدھ کو یہاں ”مقامی حکومتوں کے مستقبل کے بارے میں قومی کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کا ڈھانچہ مضبوط ہو توثمرات نچلی سطح تک جاتے ہیں، یونین کونسل میں مختلف مسائل کے حل کے لئے کام کیا جاتا ہے، لوکل گورنمنٹ کے نمائندے مقامی مسائل سے آگاہ ہوتے ہیں، حکومت کی کوشش رہی ہے کہ گورننگ باڈی کو سپورٹ کرے۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ ای وی ایم کے استعمال سے انتخابات میں شفافیت آئے گی اور دھاندلی کے امکانات نہیں ہونگے، انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال سب سے اہم ہے، ای وی ایم مکمل طور پر شفاف الیکشن کروائے گی۔

سینیٹرشبلی فراز نے کہا کہ ملک کو اصل مسئلہ جو درپیش ہے وہ الیکشن کا شفاف ہونا ہے، ہارنے کے بعد کہا جاتا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا وزیر بنا الیکٹرانک ووٹنگ مشین میرا پہلا پراجیکٹ تھا، کچھ لوگ ایسے ہیں جو یہ نہیں چاہتے کہ الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہو، انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ سے بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کو بھی آئی ووٹنگ کے ذریعے حق رائے دہی کے استعمال کا موقع مل سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے ثمرات معاشرے میں نچلی سطح تک جاتے ہیں، لوکل گورنمنٹ کے نمائندے مقامی مسائل سے آگاہ ہوتے ہیں اور وہ عوامی مسائل کے حل کے لئے اہم اور بنیادی کردار ادا کرتے ہی۔

سینیٹرشبلی فراز نے کہا کہ اگلے دو برسوں میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں مزید لوگوں کو روزگار موقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا ہمیں پانی کی کمی کا سامنا ہے، ہم نے پورے ضلع کوہاٹ کا سروے کیا، عموما پانی کا مسئلہ ہر جگہ پر پایا گیا۔

وفاقی وزیر نے مقامی حکومتوں کے مستقبل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یونین کونسلوں میں مسائل کا حل، سڑکیں بنانا اور پانی کی فراہمی کو بہتر بنانا لوکل گورنمنٹ کی ذمہ داری ہے، حکومت مستقبل میں بھی لوکل گورنمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور طریقے سے کام کرے گی