الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے انتخابات میں دھاندلی کے دروازے ہمیشہ کے لئے بند ہو گئے ہیں، گورنر سندھ عمران اسماعیل

75
الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے انتخابات میں دھاندلی کے دروازے ہمیشہ کے لئے بند ہو گئے ہیں، گورنر سندھ عمران اسماعیل

حیدرآباد۔20نومبر (اے پی پی):گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم ) بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے پاس کیا گیا ہے ، اب عام انتخابات میں دھاندلی کے دروازے ہمیشہ کے لئے بند ہوگئے ہیں اور آئندہ انتخابات شفاف انداز میں منعقد ہونگے۔ ماضی میں جب بھی انتخابات ہوتے تھے تو دھاندلی کارونا دھونا شروع ہوجاتا تھا اوریہاں تک کہ انتخابات میں ڈبے ہی غائب کردیے جاتے تھے، اس جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کروانے پردھاندلی سے اقتدار کا مزہ لوٹنے والے شور مچا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاف ہائوس حیدرآباد میں دوران تقریب اور کوٹڑی میں پی ٹی آئی رہنما پیر زمنا شاہ جیلانی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے سینٹرل ریجن سندھ کے صدر پیر سید زمان شاہ جیلانی سے ملاقات کی اور ان سے ان کے بھتیجے کے انتقال پر تعزیت کی۔

بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پربذریعہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہوں گے اوراب کوئی بھی کسی کا ووٹ چوری نہیں کرسکے گاکیونکہ عوام کا ووٹ ہی اصل فیصلہ ہے اور اگرالیکٹرانک ووٹنگ مشین میں کوئی خامی نظر آئی تو اسے دور کیاجائیگا-

انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد پی ٹی آئی کے منشور میں شامل ہے – ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں جارہی ہے اور سریا ،سیمنٹ گاڑیاں زیادہ فروخت ہو رہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی پوری دنیا میں ہوئی ہے –

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے معیشت کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ سندھ میں تعلیمی شعبے کی ترقی کیلئے وزیراعلیٰ سندھ سے بات کروں گا-

انہوں نے کہا کہ وفاق کی پالیسی کسی ایک صوبے کے لیے نہیں ہوتی بلکہ پورے پاکستان کے لیے ہوتی ہے، 10 سال سے افسران یہاں موجود ہیں پورے پاکستان میں اس روٹیشن پالیسی پر عمل ہورہا ہے- سندھ سے اے ڈی خواجہ، کلیم امام، ثناءاللہ عباسی کو بھی روٹیشن پالیسی کے تحت دیگرصوبوں میں بھیجا گیالیکن اس وقت اعتراضات نہیں کیے گئے –

ملیر میں کچھ عرصہ قبل قتل ہونے والے ناظم جوکھیو کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ ناظم جوکھیو کے قتل کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، مظلوم خاندان کی مدد کی جائے انسانی جان سب سے زیادہ اہم ہے-

اس موقع پر گورنر سندھ محمد عمران اسماعیل کے ہمراہ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ، معاون خصوصی وزیراعظم محمود مولوی، ایڈوائیزر ٹو گورنر علی جونیجو، رکن قومی اسمبلی جئے پرکاش لوہانا، ایم پی اے جمال صدیقی، پی ٹی آئی رہنماءحاجی مظفر شجراع، حاجی نثار آرائیں ، ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن رٹائرڈ فرید الدین مصطفی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے –

بعد ازاں گورنر سندھ محمد عمران اسماعیل نے انصاف ہائوس لطیف آباد حیدرآباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک نئے پاکستان کی تعمیر کے لئے 27 سال محنت کی، ان کی خواہش ہے کہ وہ پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کروائیں اور اب وہ وقت دور نہیں کہ عمران خان کا خواب حقیقت میں تبدیل ہونے والا ہے –

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کا قیام عمران خان کی طرف سے حیدرآباد کے عوام کے لیے تحفہ ہے اور بہت جلدحیدرآباد شہر کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے دیگر ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے- وزیراعظم نے حیدرآباد یونیورسٹی کا وعدہ پورا کیا، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ نے اس بل کی مخالفت کی، میں زندگی میں کبھی یہ نہیں دیکھا کہ یونیورسٹی بننے کے بل کی مخالفت ہو۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو حیدرآباد کے نوجوانوں سے دلی لگاؤ اور محبت ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ میں سات ہزار اسکولوں کو بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ان اسکولوں کو بہتر بنانے اور سہولیات دینے کی بجائے سندھ کے بچوں کو بنیادی ضروریات سے محروم کیا جا رہا ہے انشااللہ آنے والے وقت میں پاکستان تحریک انصاف سندھ سمیت پورے ملک میں اکثریت سے حکومت بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پانی، بجلی، گیس، سڑکوں یا تعلیم کا معاملہ ہو ہمیشہ سندھ کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا جاتا ہے، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے وفاقی افسران پر زور دیا کہ وہ بلا تفریق عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں، یہ نہ دیکھیں کہ کس کا تعلق کس جماعت سے ہے، تمام کام میرٹ اور اصولوں کی بنیاد پر کئے جائیں۔ ہمیں انسانیت کی بنیاد پر خدمت کرنی ہے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ میں اپنے کپتان وزیراعظم کا مشکور ہوں، انہوں نے حیدرآباد کو یونیورسٹی کا تحفہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بلدیاتی الیکشن میں حیدرآباد پی ٹی آئی کا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اے ڈی خواجہ، کلیم امام، عمار فاروقی، ثناءاللہ عباسی سندھ کے بیٹے تھے، انہیں سندھ سے نکال دیا گیا، حیدرآباد کے عوام کو پینے کا گندا پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ حیدرآباد کے لیے میگا پروجیکٹس لائے جائیں گے۔ معاون خصوصی وزیراعظم محمود مولوی، خاوند بخش جھیجو، جمال صدیقی اور دیگرنے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔

بعد ازاں انہوں نے نیو حیدرآباد سٹی چوک کے نزدیک مرغزانی کالونی میں پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری امین ا للہ موسیٰ خیل سے ان کی رہائش گاہ پر ان کے کزن عبدا للہ موسیٰ خیل کے انتقال پر تعزیت کی اور ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی –