مظفرگڑھ۔ 23 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے کہا ہے کہ الیکٹرانک فائلنگ سسٹم ایک موثر اور محفوظ پلیٹ فارم ہے۔ اس کے نفاذ سے نہ صرف وقت اور کاغذ کی بچت ہوگی بلکہ دفتری ماحول کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ یہ بات انہوں نے ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم (ای فوس) کے نفاذ کے سلسلے میں ایک تربیتی سیشن کے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم پہلے ہی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں کام کر رہا ہے اور اب اسے تمام ماتحت دفاتر تک پھیلایا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں انہوں نے پی آئی ٹی بی کے چیئرمین فیصل یوسف کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ تربیتی سیشن کا مقصد حکام میں آگاہی پیدا کرنا تھا اور تربیتی سیشن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ انعیم حفیظ، اسسٹنٹ کمشنر خضر ظہور سمیت ڈپٹی کمشنر آفس کے سٹاف اور لائن ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان نے شرکت کی۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کی ایک ٹیم نے شرکاء کو ای فائلنگ سسٹم کی خصوصیات اور استعمال کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی۔