اماراتی صدر، امیر کویت اور دیگر عرب رہنماوں کی ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکاکے 47 ویں صدر کے طور پر حلف اٹھانے پر مبارکباد

144
Emir of Kuwait Sheikh Meshaal Al-Ahmad Al-Jaber
Emir of Kuwait Sheikh Meshaal Al-Ahmad Al-Jaber

ریاض ، رام اللہ ، عمان ۔21جنوری (اے پی پی):عرب اور خلیجی رہنماوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکاکے 47 ویں صدر کے طور پر حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ہے۔متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ایکس اکاونٹ پر ڈوالڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کی کامیابی کےلیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔

وام کے مطابق انہوں نے کہا ’متحدہ عرب امارات اور امریکا کے سٹریٹجک تعلقات کو مزید آگے بڑھانے، علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔ امارات کے وزیراعظم اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے بھی مبارکباد دی ہے۔عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری ٹرم کی کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا۔

امیر کویت شیخ مشعل احمد الجابر الصباح نے ڈونلڈ ٹرمپ کو پیغام میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو مستحکم بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔اردن کے فرمانروا عبداللہ ثانی نے کہا کہ اردن ، امریکا کے ساتھ اپنی شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔ ایک خوشحال اور پرامن دنیا کے لیے صدر ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے بیان میں کہا’ فلسطینی اتھارٹی دو ریاستی حل کی بنیاد پر ٹرمپ انتطامیہ کے دور میں امن کے حصول کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔یاد رہے کہ امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو امریکہ کے 47 ویں صدر کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔

صدر ٹرمپ نے ایک ہاتھ اپنے والدہ کی جانب سے دیے گئے بائبل پر رکھ کر جب کہ دوسرا ہاتھ ہوا میں لہرا کر حلف لیا۔ صدر ٹرمپ سے حلف امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے لیا۔