امارات کے وفد کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے پر دستخط متوقع ہے، گوہراعجاز

62
گوہراعجاز

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):نگران فاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے وفد کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے (ایف ٹی اے) پر دستخط متوقع ہے۔ عرب نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات چین اور امریکہ کے بعد پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ملک ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایف ٹی اے کو حتمی شکل دینے کے لیے امارات کے وفد کا ستمبر کے آخر میں دورہ متوقع ہے، یواے ای وفد کے ساتھ بات چیت میں تجارت، سرمایہ کاری اور معیشت پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے بتایا کہ دونوں ممالک آئندہ دورے کے دوران معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے پر امید ہیں، جسے باضابطہ طور پر جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے کے نام سے جانا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ تجارت سے متعلق بعض مسائل ہیں جن پر بات چیت ہو رہی ہے اور یواے سی کے وفد کے دورہ پاکستان کے موقع پراس حوالہ سے پیش رفت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات پہلے ہی تقریبا نو ممالک کے ساتھ ایف ٹی اے پر دستخط کر چکا ہے جبکہ پاکستان کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے پرکام ہورہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں گزشتہ سال 24 فیصد اضافہ ہواہے۔