کوئٹہ۔ 06 جولائی (اے پی پی):امام بارگاہ ولی العصر، شیخ عمر وارڈ گوادر میں یوم عاشورہ کا جلوس اور مجلس بخیر و خوبی اور پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔ اسسٹنٹ کمشنر گوادر میر جواد احمد زہری کی زیر نگرانی جلوس اور مجلس کے لیے سکیورٹی و انتظامی اقدامات مکمل طور پر مربوط اور مؤثر انداز میں انجام دیے گئے۔ یوم عاشور کا جلوس صبح 11:40 بجے شروع ہوا اور دوپہر 1:30 بجے اختتام پذیر ہوا۔ یوم عاشور کی مذہبی اہمیت کے پیش نظر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔
جلوس کی گزرگاہ اور امام بارگاہ کے اطراف پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔داخلی راستوں پر سکیورٹی چیک پوسٹیں قائم کی گئیں اور تمام افراد کی باقاعدہ اسکریننگ کی گئی۔ہجوم کی مؤثر انداز میں نگرانی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے تربیت یافتہ اہلکار تعینات کیے گئے۔کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں الرٹ رہیں۔جلوس کے لیے مخصوص راستے کو پہلے سے کلیئر کر کے بیریئرز لگا کر محفوظ بنایا گیا۔عزاداروں کی سہولت کے لیے پانی کی سبیلیں اور عارضی سایہ دار جگہیں قائم کی گئیں
، میونسپل کمیٹی کی ٹیموں نے صفائی ستھرائی کے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دیے۔اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری نے انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں،سکیورٹی اہلکاروں اور میونسپل ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔یوم عاشورہ کا جلوس مکمل امن، وقار اور عقیدت کے ماحول میں اختتام پذیر ہوا جس پر شہریوں اور منتظمین نے اطمینان کا اظہار کیا۔