امام حسینؑ نے اپنے قیمتی خون سے امت کے لیے حق و باطل کی سرحد کو تاقیامت واضح کر دیا، وزیر داخلہ محسن نقوی کا یوم عاشور پر پیغام

73
Federal Interior Minister
Federal Interior Minister

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و سچ کی سرفرازی و سر بلندی کی عظیم ترین داستان ہے، امام حسینؑ نے اپنے قیمتی خون سے امت کے لیے حق و باطل کی سرحد کو تاقیامت واضح کر دیا، یزیدی قوتیں آج فتنہ الہندوستان کے روپ میں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے سازشوں میں مصروف ہیں، سب کو امام حسینؑ کی درخشاں تعلیمات پر عمل کرکے یزیدی قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا کہ امام حسینؑ نے اپنے قیمتی خون سے امت کے لیے حق و باطل کی سرحد کو تاقیامت واضح کر دیا۔

امام حسینؑ نے بتایا کہ ایمان کا راستہ صرف عمل سے روشن ہوتا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ عاشورہ صرف تاریخ نہیں، بیداری کا مرکز ہے، جہاں ایمان نے نیزوں کو شکست دی اور عظیم قربانی نے دین کو بقا دی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یزید بدمست طاقت کا نام تھا جو مٹ گیا، حسینؑ حق و سچ کا چمکتا ستارہ جو ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ عاشورہ میں پانی بند ہوا، لیکن امام حسینؑ نے وہ لازوال درس دیا جو ایمان کو آج بھی سیراب کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ واقعہ کربلا حق و سچ کی سرفرازی و سربلندی کی عظیم ترین داستان ہے، امام حسینؑ کا فلسفہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ امام حسینؑ کی زندگی پیغام دیتی ہے کہ راہ حق میں آنے والی تمام آزمائشوں کو برداشت کرنا چاہیے – انہوں نے کہا کہ یزیدی قوتیں آج فتنہ الہندوستان کے روپ میں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے سازشوں میں مصروف ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ سب کو امام حسینؑ کی درخشاں تعلیمات پر عمل کرکے یزیدی قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ معرکہ کربلا پیغام دیتا ہے کہ اسلام کی اعلیٰ اقدار اور اصولوں کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے- انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے لئے سب کو باہمی اختلافات ختم کرکے باطل قوتوں کے خلاف یکجا ہونا ہوگا، محسن نقوی نے کہا کہ دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں اسوہ حسینؑ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے ۔