برسلز ۔6جولائی (اے پی پی):چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاہے کہ نواسہ رسول (ص) حضرت امام حسینؑ کی قربانی تمام آزادی پسندوں کے لیے مشعل راہ ہے، یومِ عاشورہ ہمیں حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی اور حق و انصاف کے لیے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ آج کشمیری بھی اسی روح کے ساتھ بھارتی ظلم و جبر کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔یوم عاشورہ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نے کربلا سے سیکھا ہے کہ حق کی راہ میں قربانیاں دینا پڑتی ہیں، بڑی تعداد میں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں اور ایک بڑی تعداد جبری طور پر لاپتہ اور قید ہے۔
علی رضا سید نے کہاکہ امام عالی مقام (ع) نے عظیم قربانی دے کرانسانی اقدارکی حفاظت کی ہے۔ واقعہ کربلا ہمیں انسانی اقدارکے تحفظ اور انسانی حقوق کا خیال رکھنے کا درس دیتاہے۔ کربلاظلم کے خلاف جدوجہدکانام ہے اوردرس حریت ہے۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مزید کہاکہ آج جموں وکشمیرکے عوام کربلاکے عظیم پیغام سے متاثرہوکراپنے اس وطن کی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جس پر بھارتی فوج قابض ہے۔ خاص طور پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام نے جو طویل مدت سے بھارتی محاصرے، تشدد، ظلم وستم اور گرفتاریوں کا سامنا کررہے ہیں، کربلا کے عظیم سانحہ سے درس حاصل کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت کی فوج کےجموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر قبضے اور کشمیریوں پر مظالم کے باوجودبھی کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے لیے بے خوف ہو کر جدوجہد کر رہے ہیں۔علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں پر مظالم بند کروائیں، کشمیری قیدیوں کی رہائی کے لیے اقدامات کرے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت جو کشمیری قید اور نظربند ہیں، ان میں نامور حریت رہنما اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ شبیراحمد شاہ، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک اور انسانی حقوق کے معروف علمبردار خرم پرویز بھی شامل ہیں۔ خاص طور پر شبیراحمد شاہ شدید علیل ہیں اور ہم عالمی برادری خاص طور پر یورپی یونین اور اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ شبیراحمد شاہ اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔