امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر پاکستان کا 7 روزہ خیر سگالی دورہ مکمل کر کے مدینہ منورہ روانہ ہو گئے

143

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر پاکستان کا سات روزہ خیر سگالی دورہ مکمل کر کے مدینہ منورہ روانہ ہو گئے۔وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے بدھ کو معزز مہمان کو لاہور ایئر پورٹ پر الوداع کیا۔ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے ملک میں قیام کے دوران حرمین شریفین کے لئے پاکستانی عوام کی گہری محبت اور عقیدت کے لیے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور حکومت کی طرف سے دی گئی عزت اور مہمان نوازی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اپنے دورے کے دوران ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے صدرمملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان سمیت کئی اہم رہنما ئوں اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے فیصل مسجد اسلام آباد میں نماز جمعہ کی امامت بھی کی اور خطبہ دیا۔ مزید برآں، انہوں نے لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد، بحریہ ٹاؤن کی گرینڈ مسجد اور جامعہ اشرفیہ لاہور میں نماز کی امامت بھی کی۔ اس موقع پر پاکستان اور پوری امت مسلمہ کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔