امت مسلمہ مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ ہے، اسرائیلی بربریت کے خلاف مسلم حکمرانوں کو فوری طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، خطبات جمعہ میں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور خصوصی دعائیں

132
امت مسلمہ مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ ہے، اسرائیلی بربریت کے خلاف مسلم حکمرانوں کو فوری طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، خطبات جمعہ میں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور خصوصی دعائیں

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا۔ ملک بھر کی مساجد میں خطبات جمعہ میں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا اور خصوصی دعائیں کی گئیں۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی (لاہور)، مولانا ڈاکٹر ابو بکر صدیق (اسلام آباد)، علامہ عبد الحق مجاہد (ملتان)، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ زبیر عابد (لاہور)، مولانا اسعد زکریا (کراچی)، مولانا حق نواز خالد، مولانا عبید اللہ گورمانی، علامہ طاہر الحسن (فیصل آباد)، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا حنیف عثمانی (ساہیوال)، مولانا محمد اصغر کھوسہ (ڈیرہ غازی خان)، مولانا نعمان حاشر، مولانا طاہر عقیل اعوان (راولپنڈی) ، مولانا ابو بکر صابری (اسلام آباد)، مولانا انوار الحق مجاہد، مولانا عبدالمالک آصف (ملتان)، مولانا اسلم صدیقی، مولانا عبد الحکیم اطہر، قاری محمد اسلم قادری (لاہور)، مولانا محمد خورشید نعمانی (بہاولنگر)، مولانا عبد اللہ حقانی، مولانا عبد اللہ رشیدی (قصور)،

مولانا عاصم شاد، مولانا عبد الوحید فاروقی (ناروال )، مولانا ابو بکر حمزہ (چکوال)، مولانا حبیب الرحمن عابد، مولانا امین الحق اشرفی، مولانا اظہار الحق خالد، صاحبزادہ حمزہ طاہر الحسن (فیصل آباد) ، مولانا سعد اللہ لدھیانوی (ٹوبہ ٹیک سنگھ)، مولانا انیس الرحمٰن بلوچ (گوجرہ)، مولانا عبد الرشید (حافظ آباد) ، مفتی محمد عمر فاروق (خانیوال)، مولانا عبد الغفار شاہ حجازی (لودھراں)، مولانا تنویر احمد (بہاولپور)، مولانا محمد احمد مکی، مولانا محمد اشفاق پتافی (مظفر گڑھ)، مولانا کلیم اللہ معاویہ (ننکانہ)، مولانا عزیز الرحمٰن معاویہ (تلہ گنگ)، مولانا عزیز اکبر قاسمی (راجن پور)، مولانا سعد اللہ شفیق (رحیم یار خان )، مولانا حسین احمد درخواستی (کراچی)، مولانا یاسر علوی (سمندری)، قاری عبدالرئوف، مولانا مطلوب مہار (بہاولنگر)، مولانا زبیر کھٹانہ (گوجرانوالہ)، مولانا عقیل زبیری (سرگودھا)،

قاری عزیز الرحمٰن (لیہ)، مولانا عاطف اقبال (کمالیہ) اور دیگر نے خطبات جمعہ میں فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ علماء کرام نے کہا کہ فلسطین کے معاملہ پر اب فیصلہ کن مرحلہ پر آ گیا ہے، امت مسلمہ مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ ہے، مسلم حکمرانوں کو فوری طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ انسانی حقوق کی بات کرنے والے مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام پر خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہتے فلسطین کئی دہائیوں سے اسرائیلی جبر و استبداد اور ظلم و ستم کا شکار ہیں، اسرائیل مسلمانوں کا قبلہ اول بیت المقدس سمیت فلسطینیوں کے علاقوں پر غاصبانہ قبضہ کر کے بیٹھا ہے، اقوام متحدہ، عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کو کبھی فلسطین صیہونی دہشت گردی کے نتیجے میں بہنے والا خون نظر نہیں آیا۔

اللہ نے فلسطین کے حریت پسندوں کے ذریعے اسرائیل کا غرور خاک میں ملا دیا جس کے بعد سے اسرائیل بدلے میں آگ میں جھلس رہا ہے اور اس نے غزہ میں رواں صدی کی بدترین جارحیت شروع کررکھی ہے۔ نہ اسرائیل کو جنگی قوانین کی کوئی پرواہ ہے نہ انسانی حقوق کا خیال ہے، سول آبادی، معصوم شہریوں، ہسپتالوں سکولوں، ایمبولینسوں، امدادی کارکنوں کو بھی نہیں بخشا، سب اس کی دہشت کی آگ کی لپیٹ میں ہیں۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ امریکہ، بھارت ، برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک اسرائیل کے انسانیت سوزی پر مبنی مظالم میں اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں خاموش ہیں۔ اس وقت غزہ میں کسی بڑے انسانی المیے کا اندیشہ ہے۔ اقوام عالم کو صورتحال پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اسرائیل کو جارحیت سے روکنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آج پورے دنیا کے مسلمان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب، قطر، ترکی، ایران، کویت، مصر، اردن کی قیادتوں کی کوششوں اور موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو بطور او آئی سی کے سربراہ کے اپنا قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین و کشمیر کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آزاد خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر سعودی عرب کوئی حل نہیں چاہے گا، آج بھی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان مسلم ممالک کے درمیان رابطوں میں اہم کردار اداکررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کو اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین کانفرنس ہو گی۔