اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار اور فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے 12ربیع الاوّل کے پر مسرت و مبارک موقع پر پاکستانی قوم ملتِ اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کے حقیقی تصور سے آشنا ہونے کیلئے ہمیں سیرت طیبہ ﷺ کو جاننے کی ضرورت ہے،امت مسلمہ کو درپیش مسائل خصوصاً انتشار، نفاق، ظلم اور ناانصافی کا واحد حل سیرت طیبہ میں موجود ہے ،حضور ﷺ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے،انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا دو جہاں ﷺکی کامل تابعداری میں پنہاں ہے۔
منگل کو12ربیع الاوّل کے پر مسرت و مبارک موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آج آقا ئے نامدارسرورکونین حضرت محمد مصطفی ﷺ کا یوم ولادت ہے۔ آج کا دن تمام مسلمانوں کیلئے سب سے زیادہ خوشی اورمسرت کادن ہے، اللہ نے آپ ﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمۃ اللعالمین بنا کر بھیجا۔انہوں نے کہا کہ میں 12ربیع الاوّل کے پر مسرت و مبارک موقع پر پاکستانی قوم ملتِ اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔اللہ تعالی نے ہمیں حضرت محمد خاتم النبیین ﷺ کا اُمتی ہونے کا شرف بخشا،حضور ﷺ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حضور ﷺ رنگ، نسل،خاندان، زبان اور وطن سے بالاتر ایک امت و ملت کا قیام عمل میں لائے۔آپ ﷺ نے ایسی فلاحی ریاست قائم کی جس میں امیر اور غریب کے حقوق برابر تھے۔آپ ﷺ نے دہائیوں سے متحارب قبائل کو ریاست مدینہ کے فلاحی نظم کا حصہ بنایاجس سے ایک عالمگیر مساوات، بھائی چارے اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل پایا۔ آپ ﷺنے انسانیت کو اللہ تعالیٰ کی وحدانیت پہ یکجا کیا۔اسلام کے حقیقی تصور سے آشنا ہونے کیلئے ہمیں سیرت طیبہ ﷺ کو جاننے کی ضرورت ہے۔امت مسلمہ کو درپیش مسائل خصوصاً انتشار، نفاق، ظلم اور ناانصافی کا واحد حل سیرت طیبہ میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دو جہاںﷺ کی کامل تابعداری میں پنہاں ہے۔نبی کریم ﷺ کی تعلیمات ہی آج کے دن کا سب سے بڑا فلسفہ ہے، ہمیں اپنے آقا ﷺکی تعظیم کے ساتھ انکی تعلیمات کوحقیقی طور پر اپنانا ہو گا۔ آج ہم سب اس بات کا عہد کریں کہ جو راستہ آپ ﷺ نے ہمیں دکھایا اس راستے پرچلیں تا کہ ہم اس معاشرے کو ایک فلاحی ریاست بنا سکیں جس سے ہم دنیا اور
آخرت میں فلاح پا سکیں۔