نیویارک ۔27مئی (اے پی پی):دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی کارساز کمپنی ٹیسلا کی آٹو پائلٹ گاڑی امریکی ریاست پنسلوینیا میں حادثے کا شکار ہو گئی۔ رائٹرز کے مطابق ریاست کی پولیس کا کہنا ہے کہ آٹو پائلٹ نظام کے تحت چلنے والی کار ہائی وے پر ایک ٹرک کے ساتھ ٹکرائی۔
پولیس کے مطابق گاڑی سڑک کی درمیانی لین میں سفر کر رہی تھی اور وہ اسی لین میں دائیں طرف ٹریفک کی بندش کے لیے کھڑے کیے جانے والے ٹرک کے ساتھ ٹکرا گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کے آٹو پائلٹ سسٹم کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ حادثے کے وقت گاڑی آٹو پائلٹ نظام کے تحت چل رہی تھی تاہم وہ اپنا توازن کھو بیٹھی اور حادثے کا شکار ہوئی۔
گاڑی میں ایک 18 سالہ نوجوان موجود تھا جس کو لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں موجود شخص زخمی ہونے سے محفوظ رہا۔