پیانگ یانگ۔13نومبر (اے پی پی):شمالی کوریا نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ ہمارے باہمی تعلقات میں فروغ ایک حقیقت ہے اور امریکاکو اس حقیقت کو تسلیم کرنا چاہیے۔ شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا وزارت خارجہ نے امریکا کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی طرف سےشمالی کوریا اور روس کے باہمی تعلقات پر تنقید کے خلاف ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جاری کردہ بیان میں کہا کہ انٹونی بلنکن کے بیان نے ایک دفعہ پھر تصدیق کر دی ہے کہ امریکا دو خود مختار حکومتوں کے باہمی تعلقات میں فروغ بارے ابہام کا شکار ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ روس اور شمالی کوریا کے درمیان بتدریج فروغ پاتے تعلقات ایک حقیقت ہیں اور امریکا کو اس حقیقت کا عادی ہو جانا چاہیے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اب کے بعد بھی بتدریج جاری رہیں گے۔ واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے 9 نومبر کو دورہ جنوبی کوریا کے دوران کہا تھا کہ ہمیں شمالی کوریا اور روس کے درمیان فوجی تعاون پر اندیشوں کا سامنا ہے۔