لندن۔3مارچ (اے پی پی):یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ معدنیات سے متعلق معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ انڈیپنڈنٹ اردو کے مطابق انہوں نے لندن میں اجلاس کے بعد رات گئے برطانوی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ فریقین تیار ہوں تو زیر غور معاہدے پر دستخط ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہماری پالیسی ماضی میں ہونے والے اقدامات کو جاری رکھنے کی ہے اور ہم تعمیری رویہ رکھتے ہیں۔ اگر فریقین معدنیات کے معاہدے پر دستخط کرنے پر متفق ہوئے تو ہم اس کے لئے تیار ہیں۔ یوکرینی صدر نے کہا کہ ایسا کوئی دن نہیں گزرا جب یوکرین نے امریکا کی حمایت پرخود کو امریکا کا شکر گزار محسوس نہ کیا ہو۔ انہوں نےامریکا کے ساتھ اتحاد کے لئے مزید سفارتی کوششوں کا عندیہ بھی دیا۔
انہوں نے کہا کہ امن کے لیے سفارت کاری ہوگی اور اس لئے کہ ہم سب ایک ساتھ ہوں، یوکرین پورے یورپ اور یقیناً امریکا کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔یوکرینی صدر نے کہا کہ یقیناً ہمیں امریکا کی اہمیت کا ادراک ہے اور ہم امریکا کی جانب سے ملنے والی تمام حمایت کے شکر گزار ہیں۔
ایسا کوئی دن نہیں گزرا جب ہم نے شکر گزاری نہ کی ہو۔واضح رہے کہ یوکرینی صدر وولودیمیر ز یلنسکی نے جمعہ کوامریکا کا دورہ کیا تاکہ امریکی ثالثی میں ہونے والے امن معاہدے کے تحت یوکرین کی وسیع معدنیاتی وسائل کے مشترکہ استعمال کے لئے معاہدے پر دستخط کر سکیں لیکن اوول آفس میں ہونے والی ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرینی ہم منصب کے ساتھ جارحانہ رویہ رکھتے ہوئے کہا کہ وہ روس کے خلاف جنگ میں حمایت کے لئے امریکا کے شکر گزار نہیں ہیں اور یہ کہ اگر امریکی مدد نہ ہوتی تو روس یوکرین کو فتح کر چکا ہوتا۔