اقوام متحدہ ۔26ستمبر (اے پی پی):امریکا، فرانس اور اتحادی ملکوں نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان 21 روزہ فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ فریقین مذاکرات کے ذریعے تنازعے کا حل تلاش کر سکیں جہاں گزشتہ دنوں لبنان میں 600 سے زائد افراد مارے گئے ۔
رائٹرزکے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر مذاکرات کے بعد امریکا، فرانس آسٹریلیا، کینیڈا، یورپی یونین، جرمنی، اٹلی، جاپان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر نے ایک مشترکہ بیان میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔اقوام متحدہ میں صدر بائیڈن اور صدر ایمانویل میکرون کی ملاقات کے بعد فرانس نے سکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں جنگ بندی کی تجویز پیش کی۔
فرانسیسی وزیر خارجہ ژا نویل بیرٹ نے کہا کہ دونوں مغربی ممالک لبنان اور اسرائیل میں مذاکرات کے آغاز کے لیے 21 روزہ عبوری جنگ بندی کی تجویز پیش کرتے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ تمام فریقوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ کشیدگی میں کمی کی طرف آئیں۔جو بائیڈن انتظامیہ کے ایک سنیئر عہدیدار نے بتایا کہ جنگ بندی کا اطلاق اسرائیل اور لبنان کے درمیان سرحد قرار دی جانے والی بلیو لائن کے اطراف ہوگا اور اس دوران فریقین تنازعے کو سفارتی طریقے سے حل کرنے کے لیے بات چیت کریں گے۔
اقوام متحدہ میں اسرائیلی مندوب ڈینی ڈینن نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم اُن سب کے شکرگزار ہیں جو سفارت کاری کے ذریعے کشیدگی کو ایک مکمل جنگ میں تبدیل ہونے سے روکنے کے لیے مخلصانہ کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مقاصد کے حصول کے لیے بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے تمام وسائل کا استعمال کریں گے۔