امریکا افغانستان میں جنگوں ، غربت، منشیات اور عوام کی تکالیف کا ذمہ دار ہے ، افغان عوام کے قومی اثاثے جلد واگزار کرے، چین

66
امریکا افغانستان میں جنگوں ، غربت، منشیات اور عوام کی تکالیف کا ذمہ دار ہے ، افغان عوام کے قومی اثاثے جلد واگزار کرے، چین

بیجنگ۔1جولائی (اے پی پی):چین نےامریکا پر زور دیا ہے کہ وہ افغان عوام پر دبائو ڈالنا فوری بند کرے اور افغانستان کے قومی اثاثے انہیں جلد واپس کرے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان زائو لی جیان نےگزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ انہوں نے بعض انٹرنیٹ صارفین کو یہ کہتے سنا ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر ایک جہاز کئی لوگوں کی موت کا باعث بنا جبکہ دوسرا جہاز لوگوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں زلزلے کے بعد چین نے اپنی بہترین صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے افغانستان کی فوری مدد کی اور زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے 50ملین یوان کی ہنگامی انسانی امداد فراہم کی ۔ انہوں نے کہا کہ چین ان ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جنہوں نے افغانستان کی سب سے بڑی اور ٹھوس امدادفراہم کی ۔

انہوں نے کہا کہ چین 29جون تک افغانستان میں امدادی سامان کی 3 کھیپ بھیج چکا ہےاور زلزلہ متاثرین کو امدادی سامان کی جلد فراہمی کے لیے افغانستان کی عبوری حکومت کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ متاثرین کو جلد مشکلات سے نکالا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ امریکا ہی ہے جس نے افغانستان میں جاری انسانی تباہ کاریوں کا آغاز کیا اور وہ اس ملک میں کئی سالوں سے جاری جنگوں،تنازعات، غربت، بھوک اور عوام کی تکالیف کا ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکی حملے کے 20 سال کے دوران 30ہزار سے زیادہ افغان شہری جاں بحق اور 11 ملین اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ اسی عرصے کے دوران امریکا نے افغانستان میں منشیات کی پیداوار اور تجارت میں تعاون، حمایت اور اس میں حصہ لیا ، اس طرح، پوست کی کاشت اور افیون کی پیداوار امریکی حملے سے پہلے کی سطح سے کہیں زیادہ ہےجس سے ملک میں منشیات کے پھیلاؤ اور افغان عوام کی زندگی اور صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

چینی ترجمان نے کہا کہ یہ اور بھی زیادہ افسوس ناک بات ہے کہ امریکا نے افغان عوام کو بتائے بغیر کھلے عام افغانستان کے 7 بلین ڈالر کے اثاثے منجمد کر دیئے جس کے باعث افغا ن عوام کے حالات اور بھی خراب ہو گئے۔ یہ ظالمانہ رویہ اشتعال انگیزی سے بھی زیادہ ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ قدرتی آفات اور انسان کی خود پیدا کردہ مسائل کے پیش نظر امریکا کو فوری طور پر افغان عوام پر دبائو ڈالنا بند کرنا چاہیے اور افغانستان کے قومی اثاثوں کو جلد واپس کرنا چاہیےجس کے باعث افغان عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے لہذا امریکا افغان عوام کے لیے پیدا کردہ مشکلات کے ازالہ اور اس ملک میں جاری انسانی تباہی کو کم روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔