اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ امریکا اورپاکستان کے درمیان دیرینہ ،وسیع البنیاد اورکثیرالجہتی شراکت داری قائم ہے اورپاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں امریکا کی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں پاکستان میں امریکا کے سفیرڈونلڈبلوم سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پرامریکی سفارت خانہ کے اقتصادی قونصلرآرون فش مین ،ٹریژری اتاشی مس لاریٹا بولڈن ، وزیرمملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا ، خصوصی سیکرٹری خزانہ اوروزارت خزانہ کے دیگرسینئرافسران بھی موجود تھے۔
وزیرخزانہ نے امریکی سفیرکاگرمجوشی سے استقبال کیا اورانہیں سفیرکامنصب سنبھالنے پرمبارکباددی۔انہوں نے کہاکہ امریکا اورپاکستان کے درمیان دیرینہ ،وسیع البنیاد اورکثیرالجہتی شراکت داری قائم ہے اورپاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں امریکا کی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں،
وزیرخزانہ نے حکومت کی اقتصادی ترجیحات اورپالیسیوں پرروشنی ڈالی اورکہاکہ ان اقدامات اورپالیسیوں کابنیادی مقصدملک میں اقتصادی اورمالی استحکام لاناہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت ملک میں کاروبار اورسرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول فراہم کرنے پرتوجہ دے رہی ہے۔
امریکی سفیرنے کہاکہ امریکا اورپاکستان کے درمیان اچھے تعلقات قائم ہیں۔انہوں نے حکومت کی پالیسیوں اورپرگراموں پراعتمادکااظہارکیا۔امریکی سفیرنے کہاکہ دوطرفہ اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اوردونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے وہ مکمل تعاون فراہم کریں گے۔وزیرخزانہ نے امریکی سفیرکاشکریہ اداکیا اورموجودہ حکومت کی جانب سے امریکا کے ساتھ دوطرقہ اقتصادی ، تجارتی اورسرمایہ کاری تعلقات کووسعت دینے کے عزم کااعادہ کیا۔