سیئول۔26اگست (اے پی پی):جمہوریہ کوریا نے کہا ہے کہ اس نے امریکا کے ساتھ جہاز سازی، جوہری توانائی ، ہوا بازی ، لیکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی)اور اہم معدنیات تک کے کلیدی صنعتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے لیے مفاہمت کی 11 یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں ۔
متحدہ عرب امارات کے خبررساں ادارے (وام ) نے جمہوریہ کوریا کے وزیر صنعت کم جونگ۔ کوان کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ روز واشنگٹن میں کوریا اور امریکا کے صدور ڈونلڈ ٹرمپ اور لی جے میونگ کے درمیان ہونے والی سربراہی ملاقات کے بعد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ کوریا کی حکومت امریکا کے ساتھ مینوفیکچرنگ کے شعبے میں تعاون کی بحالی کے لیے تمام ضروری ادارہ جاتی مدد فراہم کرے گی، ہم دونوں ممالک کی کمپنیوں کے لیے کاروبار کے بے پناہ مواقع پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔