امریکا خلا میں جوہری ہتھیاروں سے متعلق قرارداد کا مسودہ آئندہ ہفتے سلامتی کونسل میں پیش کرے گا

111
Jan Kirby
Jan Kirby

واشنگٹن ۔5اپریل (اے پی پی):امریکا خلا میں جوہری ہتھیاروں سے متعلق اپنی قرارداد کا مسودہ آئندہ ہفتے سلامتی کونسل میں پیش کرے گا۔تاس کے مطابق امریکی قومی سلامتی کونسل کے اسٹریٹجک کمیونیکیشن کوآرڈینیٹر جان کربی نےکہا ہے کہ اگلے ہفتے امریکا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خلا میں جوہری ہتھیاروں کی عدم تعیناتی کے بارے میں اپنی قرارداد کے مسودے پر رائے شماری کرائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم اس قرارداد کو اگلے ہفتے کے اوائل میں نیویارک میں ووٹنگ کے لیے لائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا توقع کرتا ہے کہ روس اس قرارداد کی حمایت کرے گا۔ واضح رہےاقوام متحدہ میں امریکا کی مستقل نمائندہ لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے مارچ میں تصدیق کی تھی کہ امریکا اور جاپان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک قرارداد کا مسودہ تیار کیا ہے جس میں خلا میں جوہری ہتھیار وں کی تنصیب پر پابندی کی توثیق کی گئی ہے۔

جاپانی وزیر خارجہ یوکو کامیکاوا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ ان کا ملک اس بات پر زور دیتا ہے کہ خلا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک رہنا چاہیے۔اس کے نتیجے میں اقوام متحدہ میں روس کے پہلے نائب مستقل نمائندے دمتری پولیانسکی نے بیرونی خلا میں جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے تیار کردہ قرارداد کو سیاست زدہ اور غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔