واشنگٹن۔25جولائی (اے پی پی):امریکی صدر جو بائیڈن نے ووٹرز سے کہا ہے کہ وہ صدارتی انتخاب کے موقع پر جمہوریت کے دفاع کے لئے نکلیں۔ اردو نیوز کے مطابق یہ بات انہوں نے ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی اُمیدوار کے طور پر دستبردار ہونے کے بعد اپنے پہلے عوامی خطاب کے دوران کہی۔
صدر جو بائیڈن نے کہا کہ جمہوریت کا دفاع کسی بھی عہدے سے زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے خطاب میں سابق صدر اور ری پبلکنز پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا نام لئے بغیر انہیں جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیا۔ امریکی صدر نے 10 منٹ کے خطاب میں ووٹرز اور اپنے حامیوں کے سامنے اپنے دور اور آنے والے دنوں کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جمہوریت کو بچانے کی راہ میں کوئی بھی چیز رکاوٹ نہیں بن سکتی اور اس میں ذاتی خواہش بھی شامل ہے۔ جو بائیڈن نے صدر کے عہدے کے بارے میں کہا کہ میں اس عہدے کا احترام کرتا ہوں لیکن میں اپنے ملک سے کہین زیادہ پیار کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ آگے بڑھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ مشعل کو نئی نسل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو جگہ دی جائے اور یہ ہماری قوم کو متحد کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔ صدر بائیڈن کا خطاب بڑے براڈکاسٹ اور کیبل نیوز نیٹ ورکس نے براہ راست نشر کیا۔ انہوں نے اپنے عہدے کے آخری چھ ماہ کے کاموں کی فہرست تیار کی، جس میں 20 جنوری 2025 کو اپنی مدت ختم ہونے تک صدر رہنے پر توجہ مرکوز رکھنے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے کام کریں گے۔ غزہ میں کینسر کے علاج کے لیے حکومتی تعاون کو بڑھانے کے لیے کام کریں گے۔
جو بائیڈن نے کہا کہ امریکا کے بارے میں سب سے بڑی چیز یہ ہے کہ یہاں بادشاہ اور آمر نہیں ،حکومت کرتے ہیں ۔انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ آپ کے ہاتھ میں ہے، طاقت آپ کے ہاتھ میں ہے اور امریکا کا خیال رکھنا بھی آپ کے ہاتھ میں ہے۔