لاس اینجلس۔17جنوری (اے پی پی):امریکا میں مقیم مسلمانوں کی تنظیم اسلامک سرکل آف نارتھ امر یکا نے لاس اینجلس کی آگ کے ہزاروں متاثرین کے لئے اڑھائی لاکھ ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق اسلامک سرکل آف نارتھ امر یکا کی طرف سے متاثرہ افراد کو گرم کپڑے، کمبل اور تازہ خوراک پہنچانے کے علاوہ ماہر ین نفسیات کی خدمات بھی فراہم کی جارہی ہیں جو لوگوں کو اس المناک صورت حال میں تسلی اور امید کا پیغام دے رہے ہیں۔
اسلامک سرکل آف نارتھ امر یکا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالروف خان نے بتایا کہ امریکا کے شہر لاس اینجلس لگی آگ شہر کے جنوب میں پھیلنے کے باعث 20 مسلمان خاندان بھی بے گھر ہوئے ہیں تاہم ان کی تنطیم تین ہزار خاندانوں کو امداد فراہم کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ دیگر افراد کی طرح ان خاندانوں کو بھی شدید مالی نقصان ہوا ہےاور ان کے گھر اور کاریں بھی آگ میں جل گئیں۔
عبدالروف خان کے مطابق تنظیم کی طرف سے ان خاندانوں کو شیلٹر، خوراک اور گرم کپڑوں جیسی ضروری امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کی امدادی سرگرمیاں مسلمانوں تک محدود نہیں ہیں،ہم یہ کام انسانیت کی خدمت کے طور پر بلا کسی امتیاز کے کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق ان کی تنظیم کو آفت زدہ علاقوں یا حالات میں نصف صدی سے زیادہ ریلیف کاکام کرنے کا تجربہ ہے اور ہر شعبے میں اس کے پاس ماہرین کی خدمات دستیاب ہیں۔
اس کا ایک ڈیزاسٹر ریلیف کا ڈیپارٹمنٹ ہے جس میں امریکا کی قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے ’’فیما‘‘ کے تربیت یافتہ منیجر کام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف لوگوں کو چھت مہیا کر رہے ہیں اور ان کو کھانےپینے اور کمبلوں جیسی زندگی کی اہم ترین ضروریات پہنچا رہے ہیں بلکہ ہمارے 46 ماہر نفسیات لوگوں سے جاکر ملتے ہیں اور نقصان کی اس گھڑی میں انہیں تسلی دے رہے ہیں کیونکہ بے گھر ہونے والے لوگ اس وقت شدید دباؤکا شکار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تنظیم کے 100رضاکار روازنہ کی بنیاد پر متاثرہ افراد کو ضروری اشیا فراہم کر رہے ہیں۔
اس آگ نے تمام لوگوں کو متاثر کیا اور وہ امریکی شہری ہونے کے ناطے اور اسلام کے انسانیت کی خدمت کے پیغام کو سامنے رکھتے ہوئے ہر فرد کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لاس اینجلس کے مختلف علاقوں میں پھیلنے والی آگ میں عبادت گاہوں کو بھی نقصان پہنچا جن میں 7 گرجا گھر، 3 سینا گاگ اور 2 مسجدیں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ آگ نے 50 ہزار مکانوں کو جلا کر خاکستر کردیا ہے۔امریکہ کی دوسری تنظیمیں، جن میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا بھی شامل ہے، اسلامک سرکل آف نارتھ امر یکا کے ماہرین اور رضاکاروں کی ٹیموں کے ذریعہ متاثرہ افراد کو امداد فراہم کر رہی ہیں۔
عبدالروف خان نے بتایا کہ ان کی تنظیم فوری امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ، آگ سے متاثرہ لوگوں کے لیے، طویل مدت کے لئے کام کرنے کا منصوبہ بھی بنا رہی ہے۔
اس سلسلے میں تنظیم نقصانات اور لوگوں کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے ایک لائحہ عمل تیار کر رہی ہے۔
اسلامک سرکل آف نارتھ امر یکا نے اپنے فنڈز سے امداد پہنچانے کے علاوہ، مخیر حضرات اور کاروباری شخصیات سے اپیل کی ہے کہ وہ آگ سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے دل کھول کر امداد دیں۔