امریکا میں پاکستانی سفارتخانے میں تعزیتی اجلاس، لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

229

واشنگٹن۔18اگست (اے پی پی):لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں 12 کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور دیگر فوجی افسران کی شہادت پرامریکا میں پاکستانی سفارتخانے میں تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے ملک کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور مسلح افواج کی تاریخ ایسی قربانیوں سے بھری پڑی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے فوجی افسران اور مسلح افواج کے جوان کی قربانیاں ہمارے لیے باعث فخر ہیں۔ جب بھی ملک کو کسی چیلنج کا سامنا ہوا ہے چاہے وہ بیرونی خطرہ ہو، اندرونی چیلنج ہو یا کوئی قدرتی آفت ہو ہماری مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے ہمیشہ سب سے آگے رہی ہے ۔

پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کی پیشہ ورانہ مہارت اور کردار ایک شاندار ورثہ اور قابل تقلید مثال ہے۔ انہوں نےفرنٹ لائن پر رہتے ہوئے اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور خوبیوں سے خود کو ثابت کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کو ذاتی حیثیت سے جانتے ہیں۔ شہید جنرل جب واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے میں ڈیفنس اتاشی کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے تو ان سے قریبی رابطے کے علاوہ انہیں کوئٹہ میں کمانڈنٹ سٹاف کالج اور کمانڈر سدرن کمانڈ کے طور پر خدمات انجام دینے کے دوران ان سے ملاقات کا موقع بھی ملا۔

پاکستان کےسفیر نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکی محکمہ دفاع اور محکمہ خارجہ نے بھی ان کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔مسعود خان نےہیلی کاپٹر حادثے کے دیگر شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے دیگر فوجی افسران میں میجر جنرل امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد ، میجر سعید احمد،میجر طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔ دفاعی اتاشی بریگیڈیئر نعمان منظور نے بھی لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کو خراج عقیدت پیش کیا اور قوم کے لیےان کی خدمات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے شہدا قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے مسلح افواج کی قربانیاں اس کی روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز شہید نے اپنے کیریئر کا بیشتر حصہ فیلڈ میں گزارا۔

انہیں تینوں بڑے ملٹری ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ بشمول انفنٹری سکول، کوئٹہ، سٹاف کالج، کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں بطور انسٹرکٹر خدمات انجام دینے کا منفرد اعزاز حاصل تھا۔پاکستانی مشن کے نائب سربراہ نوید بخاری نے تعزیتی ریفرنس پڑھ کر سنایا اور سفارتخانے کی طرف سے شہدا کے خاندانوں سے بھی اظہار تعزیت کیا گیا اور شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔