واشنگٹن۔20فروری (اے پی پی):وائٹ ہاؤس نے فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز کو دی جانے والی تمام فنڈنگ روک دی ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کی طرف سے امریکی اور فلسطینی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امریکا نے آخری بار ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی مدت کے دوران فلسطینی اتھارٹی کو براہ راست امداد روک دی تھی لیکن سکیورٹی فورسز کی تربیت اور اصلاحات کے لئے فنڈز کی فراہمی جاری رکھی تھی۔
رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی اور اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے کے بعض حصوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے فلسطینی اتھارٹی کی صلاحیت کے لئے سکیورٹی فورسز کے کردار کو اہم سمجھا جاتا ہے۔
فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز کے ترجمان انور رجب نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ امریکا فلسطینی اتھارٹی کے منصوبوں کے لئے فنڈز فراہم کرنے والا ایک بڑا ملک ہے اور ان منصوبوں میں فورسز کی سکیورٹی ٹریننگ بھی شامل ہے۔