امریکا نے پاکستان کو ورچوئل موسمیاتی سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی

60

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):امریکا نے پاکستان کو ورچوئل موسمیاتی سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی، امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات جان کیری نے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کو خط لکھ کر اجلاس میں اظہارِ خیال کرنے کی دعوت دی ہے۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام کے مطابق جان کیری کے خط میں کہا گيا ہے کہ اجلاس کا مقصد موسمیاتی بحران کے خلاف مشترکہ عالمی کوششوں کو مضبوط بنانے کی راہیں تلاش کرنا ہے۔ سربراہ اجلاس کے موقع پر پیرس معاہدے کے تحت امریکا 2030 کے لیے پرعزم ہدف پیش کرے گا۔ اس اجلاس میں 17 ممالک پر مبنی بڑی معیشتوں کے توانائی و ماحولیات کے فورم کو اکٹھا کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کے سربراہان کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔