واشنگٹن۔10جون (اے پی پی):امریکا نے 2024 کے دوران ریکارڈ ایک لاکھ تین ہزار کھرب برٹش تھرمل یونٹس سے زیادہ توانائی پیدا کی جو 2023 کے مقابلہ میں ایک فیصد زیادہ ہے۔ متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یو ایس انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے ماہانہ انرجی ریویو کے اعداد و شمار کے مطابق یہ توانائی متعدد ذرائع بشمول قدرتی گیس، خام تیل، قدرتی گیس کے پلانٹ کے مائعات، بائیو فیول، شمسی اور ہوا سے پید ا کی گئ ۔2024 کے دوران قدرتی گیس توانائی کی کل پیداوار کا تقریباً 38 فیصد پیدا کیا گیا جو کوئلے سے پیدا کی جانے والی توانائی سے زیادہ ہے۔
امریکا سے نکالے گئے خام تیل سے پیدا کی جانے والی توانائی مجموعی توانائی کا 27 فیصد رہی۔اسی طرح کوئلے سے پید ا کی جانے والی توانائی مجموعی توانائی کا 10 فیصد رہی۔ 1984 سے 2010 تک امریکی توانائی کی پیداوار کا سب سے بڑا ذریعہ کوئلہ تھا تاہم اب اس کے استعمال میں بتدریج کمی کی جارہی ہے۔
قدرتی گیس کے پلانٹ کے مائعات (NGPL)، جس میں ایندھن جیسے ایتھین اور پروپین شامل ہیں ، سے پید اکی جانے والی توانائی کل پیداوار کا تقریباً 9 فیصد رہی۔ 2024 میں، امریکی بائیو ایندھن کی کل پیداوار ، جس میں ایتھنول، قابل تجدید ڈیزل، بائیو ڈیزل، اور دیگر بایو ایندھن جیسے پائیدار ہوابازی ایندھن (SAF) شامل ہیں، ریکارڈ 1.4 ملین بیرل یومیہ تھا،
جو کہ 2023 میں قائم کیے گئے پچھلے ریکارڈز سے 6 فیصد زیادہ ہے۔2024 کے دوران امریکا میں شمسی اور ہوا سے توانائی کی پیداوار میں 2023 کے مقابلہ میں بالترتیب 25 فیصد اور 8 فیصد اضافہ ہوا ۔