نیویارک۔2ستمبر (اے پی پی):پاکستانی پولیٹیکل گروپ امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی (اے پی پی اے سی)نے بائیڈن انتظامیہ اور کانگریس پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب متاثرین کی بحالی اور مدد کے لیے 13 بلین ڈالر کے امددای پیکج کی منظوری دیں۔
پاکستانی امریکی کارکنوں پر مشتمل گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مشکل ترین وقت کا سامنا ہے جہاں ملک کا ایک تہائی حصہ سیلاب کی زد میں ہے اور سب سے زیادہ افسوسناک بات یہ ہے کہ گزشتہ سال کی طرح رواں سال کا سیلاب آنے والے بدترین موسمیاتی آفات کا پیش خیمہ ہے۔پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی نے امریکا پر زور دیا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان کے عوام کی مدد کرے۔
اے پی پی اے سی نے امریکی صدر جو بائیڈن اور کانگریس کے منتخب اراکین کے نام خط میں زور دیا کہ وہ اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے لیے اہم اور فوری ریلیف دیں ۔ اے پی پی اے سی نے امریکا پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پیدا ہونے والے مسلسل خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے ۔
اے پی پی اے سی نے کہا کہ امریکا نے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ ملک پاکستان کے لیے صرف 30 ملین ڈالر کی امداد کا وعدہ کیا ہے لیکن تباہی کا منظر نامہ پیش کردہ فنڈنگ سے کہیں زیادہ ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث ایک ہزار سے زیادہ افراد جاں بحق اور 3کروڑ 30لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں ۔
امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل کے تخمینے کے مطابق پاکستان میں سیلاب سے 5.2 بلین ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور اس کی بحالی کے لیے 7.9بلین ڈالر کی ضرورت ہو گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=325114